عمرہ ادائیگی کی سعادت حاصل کرنے کے بعد وطن واپس جانے والی خاتون زائر نے جدہ ایئرپورٹ پر بچے کو جنم دیا ہے۔
انڈین میڈیا نے سبق نیوز کے حوالے سے خبر دی ہے کہ عمرہ ادائیگی کے بعد ایک بھارتی حاملہ خاتون وطن واپس جا رہی تھی کہ جدہ ایئرپورٹ پر اس کی اچانک طبیعت خراب ہو گئی اور اس نے وہاں ایک بچے کو جنم دیا۔
رپورٹ کے مطابق جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حاملہ خاتون کی طبعیت خراب ہونے پر وہاں موجود ہیلتھ مانیٹرنگ سینٹر کی ایک ٹیم ڈیپارچر لاؤنج میں پہنچ گئی اور وہاں بچے کی ولادت میں مدد فراہم کی۔ اس خصوصی ٹیم میں ڈاکٹر فوازعالم، نرس ولید احمد النعمی، نرس سالم معاطی الحربی، نرس فتون عدنان بافیل میں شامل تھے۔
بعد ازاں ماں اور نومولود کو ضروری طبی دیکھ بھال کے لیے ایمبولینس کے ذریعے کنگ عبداللہ میڈیکل کمپلیکس پہنچایا گیا جہاں اب دونوں کی حالت بہتر ہے۔
واضح رہے کہ مملکت کے تمام ایئرپورٹس کے لاؤنج میں مسافروں کو حسب ضرورت طبی امداد کی فراہمی کے لیے ہیلتھ مانٹیرنگ سینٹرز کی کوالیفائیڈ ٹیمیں 24 گھنٹے کام کرتی ہیں۔