پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ہمارے کسی سے بھی مذاکرات نہیں ہو رہے ارادہ ہوا تو بانی پی ٹی آئی خود بتائیں گے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے کسی سے بھی بیک ڈور کسی سے کوئی ڈائیلاگ نہیں ہو رہے۔ بانی پی ٹی آئی ڈائیلاگ کے حوالے سے خود ہی بتائیں گے۔ اس وقت پارٹی کے کسی نمائندے کے پاس مذاکرات کرنے کا اختیار نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے سارے فیصلے بانی پی ٹی آئی خود کریں گے اور جو لوگ پارٹی سے جا چکے، ان کی واپسی کا فیصلہ بھی وہی کریں گے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی انتشار کا شکار نہیں، اختلاف رائے تو ہر پارٹی میں ہوتا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کل تک چیئرمین پی اے سی کے لیے نام فائنل کر دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ القادر ٹرسٹ کیس سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا ہے۔ اس کیس سے بانی پی ٹی آئی کا کوئی لینا دینا نہیں۔ یہاں کیس بنائے جا رہے ہیں جب کہ دوسری طرف نواز شریف کے تمام کیسز معاف ہو رہے اور انہیں کلین چٹ مل رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ کے پی نے یہ نہیں کہا تھا کہ وہ اسلام آباد پر چڑھائی کریں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پنجاب پولیس کا غلط استعمال ہو رہا ہے۔ مریم نواز پولیس یونیفارم پہن کرسمجھ رہی ہیں اختیارات بھی مل گئے۔ اسحاق ڈار نواز شریف کے فرنٹ مین ہیں، اس لیے انہیں ڈپٹی وزیر اعظم کا عہدہ دیا گیا۔