بھارت کی ریاست کرناٹک میں امتحانی نتائج کے معاملے پر ماں اور بیٹی ایک دوسرے پر تیز دھار چاقو سے حملہ آور ہو گئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کے روز پری یونیورسٹی کورس کے نتائج کے معاملے پر 19 سالہ ساہتی اور اس کی والدہ 60 سالہ پدمجا کے درمیان تلخ کلامی ہوئی تھی۔
دراصل پدمجا اپنی بیٹی کے امتحانی نتائج سے مطمئن نہیں تھیں اور دونوں میں اس معاملے پر جھگڑا ہوا تھا۔ پیر کی شام 7 بجے کے قریب ماں بیٹی میں جھگڑا ہوا تو بات تلخ کلامی سے بڑھ کر ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔
اسی اثنا میں ساہتی اور پدمجا نے چاقو سے ایک دوسرے پر حملہ کیا۔ ماں کے پے در پے وار سے ساہتی شدید زخمی ہونے کے باعث گھر میں ہلاک ہوئی جبکہ اس کی والدہ کو گہرے زخم آئے۔
پولیس معاملے کا علم ہونے پر گھر پہنچی اور ساہتی کی لاش اور پدمجا کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا۔ پولیس کے مطابق گھر میں ماں بیٹی اکیلی رہتی تھیں اور دونوں نے ایک دوسرے پر چاقو سے حملہ کیا۔
پولیس نے بیٹی کو قتل کرنے کے جرم میں پدمجا کے خلاف مقدمہ درج کر لیا تاہم خاتون کے اسپتال میں زیرِ علاج ہونے کے باعث گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔