کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک ایل میں دفتر کے اندر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جہاں نوجوان نے لڑکی کو گولی مار کر خود بھی خودکشی کر لی۔
پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کا واقعہ شپنگ کمپنی کے دفتر میں پیش آیا، برہان نامی شخص دفتر سے کچھ دیر کیلیے باہر گیا اور اپنے ساتھ اسلحہ لے آیا۔
حکام نے بتایا کہ برہان نے خود کو دفتر کے گراؤنڈ فلور پر ایک کمرے میں بند کر لیا تھا اور جب دفتر مالک نے گیٹ کھولا تو اس نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں فضا نامی لڑکی گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئی۔
پولیس کے مطابق برہان نے فائرنگ کر کے خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کی، فائرنگ کی زد میں آ کر جاں بحق ہونے والی لڑکی گھر سے کام کرتی تھی اور آج 6 ماہ بعد دفتر آئی تھی، فضا انڈا موڑ جبکہ خودکشی کرنے والا نوجوان کورنگی کا رہائشی تھا۔
کمپنی منیجر شعیب نے اپنے بیان میں بتایا کہ برہان اور فضا کو کمپنی میں ملازمت کو تقریباً 6 ماہ ہوئے تھے، آج برہان آدھے گھنٹے کی چھٹی لے کر گیا اور واپس آیا تو فائرنگ کر دی۔
منیجر شعیب نے بتایا کہ آفس میں کسی قسم کا جھگڑا نہیں ہوا اور نہ پہلے کوئی شکایت تھی، ہمیں فوری طور پر واقعے کی نوعیت سے متعلق کوئی علم نہیں۔