سدھو موسے والا کے قاتل گولڈی برار کے قتل کی خبریں جھوٹی نکلیں

امریکی پولیس نے گلوکار سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث گینگسٹر گولڈی برار کی کیلیفورنیا میں فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہونے کی خبروں کی تردید کر دی۔

گزشتہ روز بھارتی میڈیا نے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ منگل کی صبح 5 بج کر 25 منٹ پر فیئرمونٹ اور ہولٹ ایونیو نامعلوم حملہ آوروں نے گولڈی برابر اور اس کے ساتھی کر فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔

گینگسٹرز عرش دالا اور لکبھیر جو کہ گولڈی کے حریف سمجھے جاتے ہیں انھوں نے پرانی دشمنی کو محرک قرار دیتے ہوئے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

سدھو موسے والا کے قاتل گولڈی برار کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا

تاہم اب بھارتی میڈیا کے مطابق معروف پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث گینگسٹر گولڈی برار کو امریکا میں قتل کرنے کی خبریں جھوٹی نکلیں۔

فریسنو پولیس ڈیپارٹمنٹ نے میڈیا رپورٹس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’ یہ خبر جھوٹی ہیں، اس خبر میں کوئی سچائی نہیں ہے، ہمیں نہیں پتا کہ یہ جھوٹی افواہ کس نے پھیلائی لیکن یہ جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی ہے‘۔

امریکی پولیس نے بتایا کہ کیلیفورنیا کے فریسنو میں فیئرمونٹ اور ہولٹ ایونیو میں مبینہ طور پر کل فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا، ان میں سے ایک اسپتال میں دم توڑ گیا لیکن گولڈی برار ان میں سے نہیں تھے۔

واضح رہے کہ ڈرجیت سنگھ عرف گولڈی برار ایک مطلوب مجرم ہے اور اسے غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کے تحت دہشت گرد قرار دیا گیا تھا۔ انٹرپول کی جانب سے ان کے خلاف ریڈ کارنر نوٹس جاری کیا گیا تھا اور ان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ بھی جاری کیے گئے تھے۔

لارنس بشنوئی گینگ کا ایک اہم رکن گولڈی برار اس وقت منظر عام پر آیا جب اس نے فیس بک پوسٹ کے ذریعے پنجابی گلوکار سدھو موس والا کے قتل کی ذمہ داری قبول کی۔ سدھو موس والا کو 29 مئی 2022 کو پنجاب کے ضلع مانسا میں ان کے گاؤں کے قریب ان کی گاڑی میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔