راولپنڈی: پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ ہمیں 9 مئی کا فائدہ نہیں نقصان ہوا، ہماری ساری لیڈر شپ کو اُڑا دیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی 9 مئی کی کے واقعے کی بار بار مذمت کرچکے ہیں، ہمارا پہلے اور اب بھی یہی مطالبہ ہے جوڈیشل کمیشن بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ ساری سی سی ٹی وی فوٹیجز لائیں اور جو گنہگار ہیں ان کو سزائیں دیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 9 مئی واقعے کے اصل ذمہ دار وہ لوگ ہیں جو اس کے بینیفشریز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ڈائیلاگ کے لیے کوئی پیغام نہیں آیا، ہماری کسی سے کوئی بات نہیں ہو رہی، اگر ہوئی تو بانی پی ٹی آئی بتائیں گے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سارے کیسز سیاسی بنیادوں پر ہیں،ان کو کیسز میں کچھ نہیں مل رہا، یہ ایک اور بوگس کیس بنانے کی کوشش کر رہےہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے استدعا کی ہے ہمارے کیسز مزید التوا میں نہ رکھیں، انصاف وقت پر نہ ملنا بھی نا انصافی ہے، 8 اپریل کو مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی سماعت ہے، ہمیں امید ہے کہ مخصوص نشستیں ہمیں قانون کے مطابق ملیں گی۔
بیر سٹر گوہر نے کہا کہ عام انتخابات پر پی ٹی آئی نے وائٹ پیپر جاری کیا ہے، بانی پی ٹی آئی نے وائٹ پیپر کے اجرا پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔