پانچواں ون ڈے ، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 68 رنز سے شکست

ابوظہبی: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو آخری اور فیصلہ کن میچ میں اڑسٹھ رنز سے شکست دیکر ون ڈے سیریز جیت لی۔

کیویز نے پاکستانی شاہینوں کو فیصلہ کن معرکہ میں چاروں شانے چت کرتے ہوئے ون ڈے سیریز اپنے نام کرلی، ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی ڈرا ہونے کے بعد کیویز نے اڑسٹھ رنز سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ون ڈے سیریز تین دو سےاپنے نام کی۔

کیوی کپتان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کافیصلہ کیا، مارٹن گپٹل کے جلد ہونے کےبعد کین ولیمسن نے بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، راس ٹیلر نے بھی کوئی کسر نہ چھوڑی، کپتان کے ساتھ مل کر ایک سو سولہ رنز کی شراکت قائم کی۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں شار وکٹ پر دو سو پچہتر رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم شروعات سے ہی مشکلات کا شکار رہی، احمد شہزاد اور یونس خان کی ضرورت سے زیادہ محتاط بیٹنگ نے شکست کا گھیرا تنگ کیا، حارث سہیل پینسٹھ اور احمد شہزاد نے چوون رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت کرسکے،میٹ کینری کی تباہ کن بولنگ نے بیٹنگ لائن کی دھجیاں بکھیر دی، کینری نے پانچ شاہینوں کا شکار کرکےقومی ٹیم کا ڈبا دو سو سات پر گول کردیا۔