نئی دہلی: بھارت میں اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور 10 سے زائد اسپتالوں کو بارودی مواد سے اڑانے کی دھمکی ملنے کے بعد خوف و ہراس پھیل گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی پولیس نے بتایا کہ ہوائی اڈے اور اسپتالوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی آج صبح بذریعہ ای میل موصول ہوئی جس کے بعد تحقیقات شروع کی گئیں۔
دہلی فائر ڈپارٹمنٹ نے بتایا کہ انہیں دو اسپتالوں کو تباہ کرنے کی دھمکی ملی اور یہ بھی کہا گیا کہ اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بم نصب ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہمیں بروری سرکاری اسپتال اور سنجے گاندھی اسپتال سے کال موصول ہوئی جس کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
دہلی پولیس نے بتایا کہ انہیں سہ پہر 3 بجے گرو تیغ بہادر اسپتال میں بم رکھنے کی دھمکی موصول ہوئی لیکن تلاش کے باوجود دھماکا خیز مواد نہیں ملا۔
پولیس کے مطابق دیگر مقامات پر بارودی مواد کی تلاش جاری ہے لیکن ابھی تک کہیں سے کچھ نہیں ملا، ہو سکتا ہے کسی نے پریشان کرنے کیلیے ای میل بھیج ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ای میل بھیجنے والے ملزم کا سراغ لگانے کیلیے کارروائی شروع کر دی۔
یکم مئی کو لکھنؤ میں 100 سے زائد اسکولوں کو تباہ کرنے کی دھمکی موصول ہوئی تھی جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آئے تھے۔ تحقیقات کے بعد پولیس نے دھمکی کو غلط قرار دیا تھا۔