’مودی کو اچھے طریقے سے الوداع کرنا ہے‘

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے حریف سیاستدان اور سخت ناقد لالو پرساد نے کہا ہے کہ پی ایم مودی کو اچھے طریقے سے الوداع کرنا ہے۔

انڈین میڈیا کے مطابق گزشتہ روز پاٹلی پترا لوک سبھا سیٹ کے لیے انڈیا اتحاد کی امیدوار اور لالو پرساد یادیو کی بیٹی میسا بھارتی نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ اس موقع پر ان کے والدین بھی موجود تھے۔

بعد ازاں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے لالو پرساد نے عوام کو اپیل کی کہ آپ نے انڈیا اتحاد کو منتخب کرنا ہے اور پی ایم مودی کو اچھے طریقے سے الوداع کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مودی ریزرویشن اور آئین کو ختم کرنا چاہتے ہیں، لیکن انھیں معلوم نہیں کہ یہ بابا بھیم راؤ امبیڈکر کا بنایا ہوا آئین ہے، ہم جان تو دے دیں گے مگر اس آئین کو مٹنے نہیں دیں گے۔

انہوں نے نریندر مودی کے دورہ پٹنہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اتوار کو پی ایم مودی اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار روڈ مارچ کرنے آئے تھے۔ لوگ تو نہیں نکلے، لیکن یہ دونوں اپنا مارچ ہلک ہلک کے کرتے اور آر جے ڈی پر حملہ کرتے رہے۔

لالو پرساد نے کہا کہ مودی اور نتیش کے حملہ سے ہم کو کچھ نہیں ہونے والا۔ اس مرتبہ میسا بھارتی کا کثیر ووٹوں سے فتحیاب ہونا اور نریندر مودی کا جانا طے ہے۔ وہ پکا جا رہے ہیں اور قوم انہیں اچھے طریقے سے وداع کرے گی۔