ٹی 20 ورلڈ کپ میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کا میچ نیویارک کے نئے تعمیر شدہ ناساؤ کاؤنٹی اسٹیڈیم میں ہوگا جس کی پچ کے بارے میں سب کو تحفظات ہیں۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ یکم جون سے امریکا اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں شروع ہو رہا ہے اور امریکی شہر نیویارک میں نو تعمیر شدہ ناساؤ کاؤنٹی اسٹیڈیم 8 میچز کی میزبانی کرے گا جس میں 9 جون کو میگا ایونٹ کا سب سے بڑا مقابلہ پاک بھارت ٹاکرا ہوگا۔
اس اسٹیڈیم کے لیے ڈراپ ان پچز لگائی گئی ہیں جس پر سابق کرکٹرز اور شائقین تجسس کا شکار ہیں کہ پچز کا رویہ کیسا ہوگا تاہم اب آئی سی سی نے اب پچ کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے بتا دیا ہے کہ یہ پچ کیسی ہوگی۔
آئی سی سی ایونٹس سربراہ کرس ٹیٹلی نے یقین دلایا ہے کہ ناساؤ کاؤنٹی اسٹیڈیم کرکٹ کے بین الاقوامی معیار پر پورا اترتا ہے اور ممبئی کے مشہور وانکھیڑے اسٹیڈیم کے سائز سے مشابہہ ہے۔
واضح رہے کہ ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کا گزشتہ روز افتتاح کر دیا گیا۔
ٹی 20 ورلڈ کپ 2024: پاک بھارت میچ کی میزبانی کرنیوالے اسٹیڈیم کا افتتاح، ویڈیو
اس افتتاحی تقریب میں عالمی ریکارڈ ہولڈر ایتھلیٹ یوسین بولٹ سمیت معروف کرکٹرز اور دیگر کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی تھی۔