ٹی 20 ورلڈ کپ کیلیے شعیب ملک نے اپنی اوپننگ جوڑی بتادی

شعیب ملک

قومی کرکٹر شعیب ملک نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے اپنی اوپننگ جوڑی بتادی۔

نیویارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب ملک نے مشورہ دیا کہ اگر میچز ہائی اسکورنگ ہوں تو صائم ایوب کو بطور اوپنر کھلانا سمجھداری ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ صائم ایوب اس قسم کے کھلاڑی ہیں جو ہائی رسک گیم کھیلتے ہیں، جو بھی کھلاڑی اس طرح کھیلتا ہے اس کے مستقل کارکردگی کے امکانات کم ہی ہوتے ہیں لیکن اس میں ٹیلنٹ موجود ہے۔

شعیب ملک نے کہا کہ اگر ہائی اسکورنگ میچز ہورہے ہیں تو پھر آپ کو صائم ایوب کے ساتھ اوپن کرنا پڑے گا۔

قومی کرکٹر نے کہا کہ اگر 160 سے 170 کے اسکور والے میچز ہوں تو میرے خیال میں بابر اور رضوان کو اوپن کرنا چاہیے۔

واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کا آغاز یکم جون سے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہوگا، قومی ٹیم اپنا پہلا میچ 6 جون کو میزبان امریکا کے خلاف کھیلے گی۔

قومی ٹیم 9 جون کو روایتی حریف بھارت سے ٹکرائے گی جبکہ 12 جون کو کینیڈا کا چیلنج درپیش ہوگا اور آخری لیگ میچ میں پاکستان اور آئرلینڈ کی ٹیمیں 16 جون کو مدمقابل آئیں گی۔