190ملین پاؤنڈ ریفرنس: بشریٰ بی بی نے عدالت پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا

بشریٰ بی بی

راولپنڈی :190ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے عدالت پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا۔

تفصیلات کے مطابق 190ملین پاؤنڈ ریفرنس کی احتساب عدالت اڈیالہ جیل میں سماعت ہوئی۔

ریفرنس میں آج کسی گواہ کا بیان آج قلمبند نہ ہوسکا، بشریٰ بی بی نے روسٹرم پر جاکر عدالت پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا۔

بشریٰ بی بی نے کہا کہ گزشتہ سماعت میرے بغیر کی گئی،میں انتظار کرتی رہی، جس پر عدالت نے کہا کہ گزشتہ سماعت بغیر کارروائی ملتوی ہوئی تھی تو بشریٰ بی بی کا کہنا تھا کہ ہمیں کسی نے سماعت ملتوی سےآگاہ نہیں کیا۔

عدالت نے بتایا کہ گزشتہ سماعت جیل انتظامیہ کی استدعا پر ملتوی کی اور ملزمان کےوکلاسے سوال کیا کیا آپ کو بھی عدالت پراعتماد نہیں۔

وکلا نے کہا کہ ہمیں عدالت پر اعتماد ہے تاہم موکل سے مشورےکی اجازت دی جائے، بعد ازاں ڈیڑھ گھنٹے مشاورت کے بعد بشریٰ بی بی نے دوبارہ عدالت پر اعتماد کا اظہار کردیا۔

عدالت پرعدم اعتماد ختم کرنے کیلئے بانی پی ٹی آئی اوروکلاڈیڑھ گھنٹے بشریٰ بی بی کو سمجھاتے رہے۔

بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلانے مشاورت کے بعد عدالت میں نئی درخواست دائر کی۔

درخواست میں دیگر مقدمات کی طرح کیس کی ہر 14دن بعد سماعت رکھنےکی استدعا کی گئی۔

جس پر عدالت نے درخواست پر نوٹس جاری کرکے سماعت 22 مئی تک ملتوی کردی۔