بھارت کی ریاست بہار کے شہر پٹنہ میں نجی اسکول کے گٹر سے 4 سالہ طالب علم کی لاش برآمد ہونے کے بعد مشتعل مظاہرین نے تعلی ادارے کو نذر آتش کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کمسن طالب علم کی شناخت ایوش کمار کے نام سے ہوئی جو جعمرات کی صبح اسکول گیا اور شام تک گھر نہیں لوٹا جس کے بعد والدین نے اس کی تلاش شروع کی۔
والدین نے اسکول انتظامیہ سے پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ ایوش کمار یہاں سے جا چکا تھا۔ اہل خانہ ہر جگہ تلاش کرنے کے بعد جب دوبارہ اسکول پہنچے تو معصوم کی لاش گٹر میں موجود تھی۔
پولیس ٹیم کو فوری طور پر اسکول طلب کیا گیا جس نے لاش نکال کر اسپتال منتقل کی جس کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد طالب علم کی موت کا تعین ہو سکے گا۔
والدین نے اسکول انتظامیہ پر بیٹے کو قتل کرنے کا الزام عائد کیا اور پولیس میں شکایت دی جس کے بعد مقدمہ درج کیا گیا تاہم تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب مشتعل افراد نے نجی اسکول کو آگ لگا دی اور اس سے متصل سڑک کو دونوں اطراف سے بند کر دیا۔ ان کا مطالبہ ہے کہ انتظامیہ کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔
گزشتہ سال دسمبر میں ریاست کرناٹک کے ضلع کولار کے ایک سرکاری اسکول میں عجیب و غریب واقعہ پیش آیا تھا جہاں طلبا سے گٹر کی صفائی کروائی گئی تھی۔
گٹر صاف کرنے کی ویڈیو جب سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اور لوگوں نے تنقید کرنا شروع کی تو متعلقہ انتظامیہ کو ایکشن لینا پڑا تھا۔
حکام نے پرنسپل اور اس میں ملوث اساتذہ کو معطل جبکہ کنٹریکٹ ملازمین کو فوری برطرف کر دیا تھا۔ واقعے کے خلاف دو علیحدہ علیحدہ مقدمات درج ہوئے تھے۔