ڈاکٹر کا غلط مشورہ نومولود بچے کی جان لے گیا

بھارت: ڈاکٹر کا نومولود کو 30 منٹ دھوپ میں رکھنے کا مشورہ بچے کی جان لے گیا

بھارت کی ریاست اتر پردیش میں ڈاکٹر کے غلط مشورے پر عمل کرنے کے بعد والدین اپنے نومولود بچے سے ہمیشہ ہمیشہ کیلیے محروم ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق افسوسناک واقعہ مین پوری میں پیش آیا جہاں ڈاکٹر نے پانچ دن کے بچے کو 30 منٹ (آدھا گھنٹہ) دھوپ میں رکھنے کا مشورہ دیا تھا۔

والدین نے ڈاکٹر پر غلط مشورہ دینے کا الزام لگاتے ہوئے اس کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ مین پوری کے چیف میڈیکل آفیسر کے مطابق ڈاکٹر کا تعلق سری سائی اسپتال سے ہے۔

ریتا دیوی نامی خاتون نے پانچ روز قبل بیٹے کو جنم دیا تھا تاہم نومولود کو صحت سے متعلق کچھ مسائل تھے۔ والدین نے جب ڈاکٹر سے رجوع کیا تو معالج نے علاج کے بجائے بچے کو آدھا گھنٹہ دھوپ میں رکھنے کی ہدایت کی۔

والدین نے چھت پر 30 منٹ کیلیے بچے کو دھوپ میں چھوڑ دیا اور جب مقررہ وقت ہونے پر اسے لے کر کمرے میں آئے تو بچہ مردہ حالت میں ملا۔

طبی ماہرین کے مطابق یرقان سے بچاؤ کیلیے سورج کی روشنی مفید ہے لیکن گرمی یا ہیٹ ویو جیسی صورتحال میں احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ نومولود کی موت ممکنہ توڑ پر ہیٹ اسٹروک یا شدید گرمی کی وجہ سے ہوئی۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈاکٹر اسپتال سے فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔