آج گرمی کیا رنگ دکھائے گی؟ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی

کراچی درجہ حرارت

کراچی سمیت ملک بھر میں گرمی کی شدید لہر جاری ہے محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ شہر قائد میں درجہ حرارت سے کہیں زیادہ گرمی محسوس کی جائے گی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی سمیت ملک بھر میں قیامت خیز گرمی کی لہر جاری ہے جس کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں جب کہ گرمی بڑھنے کے ساتھ بجلی لوڈشیڈنگ میں اضافے نے ان کی مشکلات کو دوچند کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج بھی موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے جب کہ شہریوں کو یہ گرمی کی حدت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس ہوگی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد کی ہوا  میں نمی کا تناسب 68 فیصد ہے اور جنوب مغربی سمت سے 19 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہیں ہیں۔

دوسری جانب ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 75 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔ کراچی آج دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں 32 ویں جب کہ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے۔