کرغزستان کے نائب وزیراعظم کا غیر ملکی طلبا پر حملے روکنے میں ناکامی کا اعتراف

کرغزستان

بشکیک: کرغزستان کے نائب وزیراعظم نے غیر ملکی طلبا پر حملے روکنے میں ناکامی کا اعتراف کرلیا اور بتایا حملہ آوروں کی شناخت کرلی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کرغزستان میں پاکستانی سفیر حسن ضیغم نے بشکیک میں کرغز نائب وزیراعظم کے ساتھ غیرملکی طلبا کے ہاسٹل کا دورہ کیا، پاکستانی طلبا سے گفتگو کرتے ہوئے کرغزستان کے نائب وزیراعظم نے کہا کہ غیر ملکی طلبا کو سکیورٹی فراہم کرنا کرغز حکومت کی ذمہ داری تھی جس میں بری طرح ناکام ہوئے۔

کرغز نائب وزیراعظم نے بتایا کہ حملہ آوروں کی شناخت کرلی گئی ہے، چھ لوگوں نے تصادم اوربدامنی کوہوا دی اور فیک پیغامات کے ذریعے نفرت پھیلانےکی کوشش کی۔

دوسری جانب کرغز وزیر محنت اورافرادی قوت کا کہنا ہے ان افراد کی شناخت کی جارہی ہے، غیرملکی چلے گئے تو کرغزستان کی معیشت کو نقصان پہنچےگا

انھوں نے مزید کہا کہ ہمارے پاس پہلےہی لیبرفورس کی کمی ہے، ایسے میں غیرملکی چلے جائیں گے توکاروبارپرمنفی اثرپڑے گا، صنعتیں رک سکتی ہیں، اس سے معیشت کوشدید نقصان پہنچےگا۔

خیال رہے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں سترہ مئی کی شام مقامی مشتعل ہجوم نےپاکستانیوں سمیت غیرملکی طلبہ کی رہائش گاہوں اورہوسٹلزپرحملے کیے تھے۔

بشکیک میں پرتشد د واقعات مصری اور مقامی افرادمیں جھگڑے کےبعدشروع ہوئے اور مصری طلبہ نےلڑائی کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل کی ، جس کے بعد مقامی افرادنے غیر ملکیوں پرحملے شروع کر دیئے۔