کرغزستان میں پھنسے پاکستانی طلبہ کی واپسی کیلیے کے پی حکومت نے بڑی رقم جاری کر دی

کرغزستان میں پھنسے پاکستانی طلبہ کی واپسی کے لیے خیبر پختونخوا کی حکومت نے 6 کروڑ روپے جاری کر دیے ہیں۔

کرغزستان میں دو روز قبل پاکستانی طلبہ کے ہاسٹلرز پر مقامی افراد کے حملے کے بعد سینکڑوں طلبہ وطالبات وہاں محصور ہیں جن کی وطن واپسی کے لیے حکومتی اقدامات جاری ہے اور کئی پروازیں طلبہ کو وطن واپس لا چکی ہیں۔

مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم نے کہا ہے کہ کرغزستان میں پھنسے طلبہ وطالبات کی بحفاظت وطن واپسی کے لیے کے پی حکومت نے 6 کروڑ روپے جاری کر دیے ہیں۔ یہ رقم دو جہازوں کے لیے جاری کی گئی ہے۔

مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ جیسے ہی دیگر طلبہ اور لوگ کے پی کے ریلیف نمبرز پر رجسٹریشن کریں گے تو مزید فنڈز جاری کر دیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کے اعلان کے بعد دیگر صوبوں کے پھنسے طلبہ بھی یہاں رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔

مشیر خزانہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے خصوصی پروازیں آج سے شروع ہونگی۔ وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے دیگر فلاحی کاموں کی طرح اس مسئلے میں بھی سبقت لے لی۔

https://urdu.arynews.tv/pakistani-students-special-flight-pakistan-kyrgyzstan/

واضح رہے کہ اب تک تین پروازوں کے ذریعے 200 سے طلبہ وطالبات کو بحفاظت وطن واپس لایا جا چکا ہے۔