وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کےحلقے ڈی آئی خان میں سوا 3 سال کے بچے پر بجلی چوری کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پیسکو واپڈا نے سوا 3 سال کے بچے پر بجلی چوری کا مقدمہ درج کیا ہے۔ وکیل کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کی ایف آئی آر ضیغم عباس نامی بچےکیخلاف کاٹی گئی۔
بچےکو ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں پیش کیا گیا تو جج نے بیان حلفی طلب کر کے کیس ختم کر دیا۔ وکیل کا کہنا ہے کہ واپڈا پیسکو کے اہلکاروں کو علم ہی نہیں کہ بچہ ان کا صارف ہے بھی یا نہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ نے بجلی لوڈشیڈنگ کم کرنے کے حوالے سے مہم شروع کر رکھی ہے۔ علی امین گنڈاپور نے گزشتہ دنوں پیسکو کو وارننگ دیتے ہوئے لوڈشیڈنگ کم کرنے کی ہدایت کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ آج رات تک لوڈشیڈنگ کم نہ ہوئی تو کل پیسکو کا انتظام سنبھالوں گا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی دھمکی کے بعد پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی پر راضی ہوگیا۔
ملاقات میں وزیر اعلیٰ کے پی اور چیف پیسکو میں لوڈشیڈنگ کا نیا شیڈول جاری کرنے پر اتفاق ہوا جس کے مطابق لوڈشیڈنگ 22 گھنٹے سے کم کر کے 18 گھنٹے کی جائے گی جبکہ 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کو 14 گھنٹے کیا جائے گا۔