کراچی کے علاقے ڈیفنس میں بڑا بخاری میں پولیس اور ملزمان کے درمیان مقابلہ ہوا جس کی وجہ سے علاقہ فائرنگ سے گونج اٹھا۔ مقابلے میں دو ملزمان شدید زخمی ہوئے۔
پولیس اور ملزمان کے درمیان مقابلہ بڑا بخاری میں ہوا جو خیابان شجاعت تک چلا۔ ملزمان کار سے اتر کر پیدل خیابان شجاعت کی جانب بھاگے اور ایک شہری سے گاڑی چھین کر موقع سے فرار ہوگئے۔
ایس ایچ او عرفان آصف کے مطابق ملزمان فرار ہونے لگے تو ایک موٹر سائیکل سے ٹکرائے، 3 ملزمان گاڑی میں بڑا بخاری پر پہنچے تھے اور ایک گاڑی کے اندر بیٹھ کر پینل کھول رہے تھے کہ اس دوران پولیس موقع پر پہنچی تو ملزمان نے فائرنگ کر کے فرار ہونے کی کوشش کی۔
ملزمان نے پولیس پر 13 سے زیادہ گولیاں چلائی گئیں جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ میں دو ملزمان گاڑی میں ہی زخمی ہوئے، ملزمان اپنی گاڑی چھوڑ کر دوسرے شہری کی گاڑی لے کر فرار ہوئے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے زیرِ استعمال گاڑی سے کئی نمبر پلیٹیں اور گاڑی کھولنے کے اوزار ملے ہیں، ایس ایچ او اور ٹیم موقع پر موجود ہے اور فرار ہونے والے ملزمان کا پیچھا کیا جا رہا ہے۔
گاڑی میں خون کے کافی نشانات نظر آ رہے ہیں، بظاہر لگتا ہے کہ دونوں ملزمان شدید زخمی حالت میں فرار ہوئے ہیں۔