یادگار شہدا جلانے اور اداروں پر حملے کے دن اب گئے، مریم نواز

یادگار شہدا جلانے اور اداروں پر حملے کے دن اب گئے، مریم نواز

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یادگار شہدا جلانے اور اداروں پر حملے کے دن اب چلے گئے۔

عوام کی سہولتوں کیلیے دستک ایپ کی افتتاحی تقریب  سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے عوام کی دہلیز پر سہولتیں پہنچائیں گے، صوبے کے ہر ضلع میں آئی ٹی کے فروغ کیلیے کام کریں گے، نواز شریف کی رہنمائی میں عوام کیلیے ایک اور سہولت کا آغاز کر دیا، نوجوانوں کو 70 ہزار کے قریب روزگار کے مواقع فراہم کریں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ رمضان پیکج اور فیلڈ اسپتال لوگوں کی دہلیز تک پہنچائے، دفتر میں بیٹھ کر کچھ پتا نہیں چلتا اس لیے میں گراؤنڈ پر جا کر دیکھتی ہوں، اللہ کا شکر ہے جو خواب دیکھا تھا وہ پورا ہوگیا، کلینک آن ویلز منی اسپتال ہے جہاں بنیادی سہولتیں موجود ہیں اور یہ اربن ایریاز گلی محلوں کیلیے ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لوگوں کو دوائیاں بھی اب گھر کی دہلیز پر پہنچا رہے ہیں، کینسر کے 2 لاکھ مریضوں کو 2 ماہ کی دوائیں ان کے گھر پر پہنچائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیف سٹی کے اندر خواتین کیلیے ورچوئل ڈیسک بنایا ہے، ہزاروں خواتین ویڈیو کال پر تھانے کی سہولت سے مستفید ہو رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ دیکھا ہے لوگ لائن میں لگ کر دھکے کھاتے ہیں، ہم نے پنجاب اور عوام کا پیسہ ضائع ہونے سے بچایا، کسان سے گندم نہیں خریدی جاتی، پنجاب نے اس بار گندم نہیں خریدی، آڑھتی سے گندم خریدتے ہیں تو پیسہ کرپشن کی نظر ہوتا ہے، ہماری حکومت کو صرف 3 ماہ ہوئے ہیں اور مہنگائی کم ہو رہی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ روٹی، سبزیاں اور دیگر چیزوں کی قیمتیں کم ہوئی ہیں، روٹی سمیت روز مرہ کی استعمال کی اشیا کی قیمتیں کم ہوئیں، نواز شریف کے دور میں مہنگائی کنٹرول میں تھی۔

پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ دھرنا اور احتجاج کے دن ہمیشہ کیلیے ختم ہوگئے، جلاؤ گھیراؤ اور شہدا کی یادگاروں کو جلانے کے دن بھی ختم، بچوں کو پیٹرول بم  دے کر تنصیبات پر حملے کیے گئے تھے، ملک میں ترقی کا دور آگیا جو اب رکے گا نہیں۔