چین میں قرضوں کیلئے نہیں کاروبار اور ترقی کیلئے آیا ہوں، وزیراعظم شہبازشریف

شہباز شریف

شینزن : وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چین میں قرضوں نہیں کاروبار اور ترقی کیلئے آیا ہوں، دنیا کو چین کی ترقی سے سیکھنا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق چین کے شہرشینزن میں پاک چین بزنس کانفرنس کا انعقاد ہوا، وزیراعظم شہباز شریف نے پاک چین بزنس فورم میں شرکت کی۔

وزیراعظم نے پاک چین بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بزنس کانفرنس ایک بہترین کوشش ہے ، چین ہمارا سب سے بہترین دوست ہے ، کم وقت میں بزنس کانفرنس منعقد کرنے پرخراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں چینی سفیر اور پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی کی کوششیں قابل تعریف ہیں، بزنس کانفرنس میں شریک تمام لوگوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، چینی شہر شینزن نے مختصر مدت میں ترقی کے منازل طے کئے، ہمیں ماضی کو پیچھے چھوڑ کر آگے بڑھنا ہوگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ چین میں قرضوں کیلئے نہیں بلکہ کاروبار اور ترقی کیلئے آیا ہوں ، بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ ترقی کی ضمانت ہے ، قائداعظم کے وژن پر عمل پیرا ہوکر ملک کو ترقی دلائیں گے۔

کانفرنس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ چین کی ترقی ہمارے لئے سب سے قابل تقلید مثال ہے ،آج چین دنیا بھر کو ڈیری اور زرعی مصنوعات برآمد کررہا ہے، پاکستانی کمپنیاں اپنی مصنوعات کو اچھے طریقےسے دنیا میں پیش کریں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین دنیا کی دوسری بہترین معیشت بن گیا اور شینزن شہر کی ترقی ہمارے لئے مشعل راہ ہے ،چین نےپاکستان کے ہرصوبے میں منصوبے لگائے۔

چینی باشندوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پانچ چینی باشندوں کی دہشتگردی میں موت افسوسناک لمحہ تھا، پاکستان میں چینی باشندوں کی حفاظت یقینی بنائیں گے، چینی باشندوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کا تہیہ کیا ہے۔