اداکارہ فاطمہ آفندی نے شوہر و اداکار کنور ارسلان کی انڈسٹری سے دوری کی وجہ بیان کردی۔
شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ فاطمہ آفندی نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی اور شوبز کیریئر سمیت دیگر موضوعات پر اظہار خیال کیا۔
میزبان نے پوچھا کہ آپ کے شوہر ہینڈسم ہیں لیکن انہوں نے ایکدم سے اداکاری کیوں چھوڑ دی؟
فاطمہ آفندی نے کہا کہ کنور ارسلان کی زیادہ دلچسپی کاروبار میں تھی، وہ پہلے بینکر تھے پھر اداکاری شروع کی اس کے بعد کاروبار شروع کردیا۔
اداکارہ نے کہا کہ شوہر کہتے ہیں کہ اب صحیح ہے مجھے ہمیشہ سے یہی کرنا تھا، وہ ریسٹورنٹ کے کاروبار سے خوش ہوں۔
میزبان نے پوچھا کہ اگر انہیں کوئی اچھا کردار ملتا ہے تو وہ کم بیک کریں گے؟
فاطمہ آفندی نے کہا کہ ابھی بھی ان کو کردار آفر ہوتے ہیں لیکن وہ منع کردیتے ہیں کیونکہ کاروبار کو وقت دینا ہوتا ہے بالخصوص ریسٹورنٹ کے بزنس کو وقت دینے کی ضرورت ہوتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے کہا کہ بھارتی فلم کی پیشکش ہوئی تھی جسے مسترد کردیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ڈرامہ سیریل ’عداوت‘ میں منفی کردار نبھایا تھا جس کے بعد مجھے گھر میں مشکل ہوئی کیونکہ تھوڑے وقت کے لیے وہ کردار میرے اندر آگیا تھا۔
واضح رہے کہ ڈرامہ سیریل ’عداوت‘ میں سعد قریشی، شازیل شوکت، سید جبران ودیگر نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔