کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرکیل میمن نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم والے حکومت کو گالیاں نہ دیں۔
صوبائی وزیر شرجیل میمن نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ایم کیو ایم کی کوشش تھی ایسا ایشو بنایا جائے جس سے ان کی سیاست چمکے، حکومت کو شہر میں ٹارگٹ کلنگ کے بڑھتے واقعات کا احساس ہے، حکومت تبدیل ہونے کے ایک ماہ بعد اور آج میں واضح فرق ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ ایم کیو ایم کچھ روز سے اسے کیش کرنے کی کوشش کر رہی ہے، پہلے کراچی میں ٹارکٹ کلنگ ہوتی تھی اور بھتہ لیا جاتا تھا، شہر میں ٹارگٹ کلنگ کون کرتا تھا اور بوری بند لاشیں کون دیتا تھا یہ کسی سے چھپا ہوا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم والے بیان دیتے ہیں پھر معافی مانگ لیتے ہیں، ان سے کہتا ہوں جو کہتے ہو اس پر کھڑے رہو، ایم کیو ایم امن و امان کا معاملہ ہے تو بتائے لیکن ان چیزوں پر سیاست نہ کرے، اگر تحفظات ہیں تو اجاگر کرے یہ نعرے لگانا مناسب نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی والوں کو یاد ہے کہ لندن سے ایک کال پر شہر بند کروا دیا جاتا تھا مگر یہ نہیں سوچا جاتا تھا کہ معیشت کو اربوں کا نقصان ہو رہا ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ ہر وزیر کا کام ہے کہ دفاتر میں بیٹھے اور کام کرے، بلاول بھٹو نے بالکل ٹھیک کہا کہ وزیر اعلیٰ اپنے وزرا کی کارکردگی دیکھیں، اس چیز کو مثبت لینا چاہیے کہ وزرا ایم پی ایز کی کارکردگی دیکھی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کی قیادت ہمیشہ بہتری کے فیصلے کرتی ہے، کیا کوئی ایسی پارٹی ہے جو اپنے لوگوں کا احتساب کر رہی ہو؟