اسلام آباد : بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے نکاح کیس میں سزا معطلی کی درخواست دائر کردی۔
تفصیلات کے مطابق نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے سزا معطلی کی درخواست دائر کردی۔
بیرسٹرسلمان صفدر کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی، جس میں موقف اختیار کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کوسیاسی انتقام کیلئےجیل میں بدترین حالات میں رکھاگیا ہے، انصاف کےتقاضے پورے کیلئے سزا معطلی کی درخواست جلد نمٹائی جائے۔
درخواست میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کی سزا معطل کر کے ضمانت پر رہائی کی استدعا کی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت سزا کا فیصلہ معطل کرکےضمانت پر رہائی کےاحکامات جاری کرے اور سزا معطلی کی جودرخواست پہلے سے سیشن کورٹ میں ہےعدالت اس پرسماعت کرے۔
درخواست میں مزید کہا گہا کہ سزامعطلی کی درخواست کو سن کر اس پر جلد فیصلہ کیا جائے۔
گذشتہ روز ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکا نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کی عدت میں نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیل جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے اور سزا معطلی کی درخواست پر سماعت کی تھی۔
وکیل عثمان ریاض گل اور خالد یوسف چوہدری عدالت میں پیش ہوئے تھے۔
دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا تھا کہ اپیلوں پر جلد سماعت چاہتے ہیں یا سزا معطلی پر سماعت چاہتے ہیں؟ وکیل عثمان گل نے موقف اپنایا کہ عدالت شکایت کنندہ کے کنڈکٹ کو بھی دیکھے۔ جج افضل مجوکہ نے ریمارکس دیئے کہ ہم نے شکایت کنندہ کو نوٹس کیا تھا، وہ نہیں آنا چاہتے تو نہ آئیں، عدالت کیس سنے گی۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ بشریٰ بی بی کی حد تک صرف درخواست فکس نہیں کر سکتے، اس طرح سے عدالت کا مائنڈ ظاہر ہوتا ہے، اہلیہ اور بانی پی ٹی آئی دونوں کی جانب سے درخواستیں ہوتیں تو عدالت سماعت کے حوالے سے بہتر پوزیشن میں ہوتی۔
بانی پی ٹی آئی کی جانب سے بھی عدت میں نکاح کیس کی اپیلیں جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے اور سزا معطلی کی درخواستیں دائر ہونے کے بعد عدالت نے دونوں ملزمان کی جانب سے دائر درخواستوں پر فریقین کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت گیارہ جون تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے 3 فروری کو سول کورٹ نےبانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کو 7سال قید کی سزاسنائی تھی۔