ہمارے پاس اب بھی بڑی تعداد میں اسرائیلی قیدی ہیں، حماس

ہمارے پاس اب بھی بڑی تعداد میں اسرائیلی قیدی ہیں، حماس

فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ ہمارے پاس اب بھی بڑی تعداد میں اسرائیلی قیدی ہیں جن کی تعداد میں اضافہ بھی کر سکتے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل کی جانب سے 4 اسرائیلیوں کو بازیاب کرانے کے دعوے پر حماس نے اپنے بیان میں کہا کہ قیدیوں کی رہائی کے باوجود اسرائیل کی اسٹریٹیجک ناکامی نہیں بدلے گی۔

حماس نے کہا کہ رپورٹس ہیں کہ امریکا نے اسرائیلی آپریشن میں سہولت فراہم کی ہے، امریکا محصور ساحلی علاقے میں جنگی جرائم کے مرتکب ہونے میں ملوث ہے۔

آج اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ برس اکتوبر میں یرغمال بنائے گئے 4 اسرائیلی شہریوں کو بازیاب کروا لیا۔ فوجی ترجمان نے کہا کہ اس آپریشن سے قبل ہفتوں تک معلومات اکٹھی کی گئیں اور مشن میں شامل اہلکاروں کو سخت تربیت دی گئی۔

انہوں نے کہا یہ ایک ہائی رسک مشن تھا جو دن کی روشنی میں ہیلی کاپٹر کی مدد سے کیا گیا، 120 یرغمالی تاحال غزہ میں قید ہیں۔

یاد رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیل کی جارحیت میں اب تک کم از کم 36,801 فلسطینی شہید اور 83,680 زخمی ہو چکے ہیں۔

اقوام عالم کی شدید مخالفت کے باوجود غزہ کے علاقوں پر اسرائیلی فورسز کے وحشیانہ حملے جاری ہیں۔ رفح میں کویت کے اسپیشلٹی اسپتال کے ڈائریکٹر نے کہا کہ اسرائیلی فوج کے ہاتھوں مارے جانے والے فلسطینیوں کی سڑکوں پر درجنوں لاشیں پڑی ہیں اور امدادی کارکن زخمیوں تک نہیں پہنچ پا رہے ہیں۔