صحافی نصر اللہ گڈانی کو قتل کرنے والا ملزم گرفتار

صحافی نصر اللہ گڈانی کو قتل کرنے والا ملزم گرفتار

گھوٹکی سے تعلق رکھنے والے صحافی نصر اللہ گڈانی کو قتل کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرنے کا دعویٰ کر دیا۔

ایس ایس پی گھوٹکی سمیر نور نے بتایا کہ نصر اللہ گڈانی کے قتل کر گرفتار کر لیا جس سے قتل میں استعمال ہونے والا پستول اور موٹر سائیکل برآمد کر لی۔

سمیر نور نے بتایا کہ پولیس نے تھانہ میرپور ماتھیلو کی حدود سے ملزم اصغر لونڈ کو گرفتار کیا، اصغر لونڈ کے ساتھی برکت لونڈ کی گرفتاری کیلیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ عبداللہ لونڈ نامی شخص نے ملزمان کی سہولت کاری کی ہے، دونوں ملزمان کو بہت جلد گرفتار کر لیا جائے گا، ملزمان کی گرفتاری کیلیے جدید ٹیکنالوجی کی مدد لی گئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ صحافی نصر اللہ گڈانی کو جاں بحق ہونے سے چار روز قبل میرپور ماتھیلو میں جراوار روڈ پر موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح افراد نے ٹارگٹ کر کے نشانہ بنایا تھا۔ تین گولیاں لگنے سے ان کا جگر، مثانہ اور پھپھڑے متاثر ہوئے تھے۔

انھیں پہلے شیخ زید اسپتال رحیم یار خان منتقل کیا گیا تھا تاہم بعدازاں ایئر ایمبولینس سے کراچی کے نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ زخموں کی تاب نا لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے تھے۔

صحافی نصر اللہ کی موت پر گھوٹکی یونین آف جرنلسٹ کی جانب سے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا تھا۔ صحافیوں تنظیموں کا کہنا تھا کہ 4 دن گزرنے کے باوجود پولیس حملہ آوارں کا سراغ لگانے میں ناکام ہے، قاتلوں اور سہولت کاروں کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہیں۔

گھوٹکی یونین آف جرنلسٹ نے ضلع میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا تھا۔ صدر گھوٹکی یو جے اسلم ملک کا کہنا تھا کہ صحافی کے قاتلوں اور سہولت کاروں کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہیں۔