لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان نے کہا ہے کہ آف اسپنر سعید اجمل نے آئندہ برس فروری سے شروع ہونے والے کرکٹ کے عالمی کپ میں شرکت نہ کرنے فیصلہ کیا ہے۔
شہریار خان نے گزشتہ روز برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں حصہ نہ لینے کے حوالے سے آف اسپنر سعید اجمل ایک دو روز میں پریس کانفرنس کریں گے۔
شہریار خان کا کہنا تھا ’آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ میں اور اپنا بائیو مکینک ٹیسٹ نہ کروانے کا فیصلہ سعید اجمل کا اپنا ہے اور اس وقت ان کے ساتھ ثقلین مشتاق اور دیگر ماہرین بھی موجود تھے۔
ابھی سعید اجمل کو اپنے بولنگ ایکشن کو ری ماڈل کرنے کے لئے تھوڑا اور وقت چاہیئے۔‘ برطانوی نشریاتی ادارے نے جب شہر یار خان سے پوچھا کہ کیا اس دوران سعید اجمل ثقلین مشتاق کے ساتھ ہی پریکٹس کرتے رہیں گے تو انھوں نے کہا سعید اجمل ثقلین مشتاق کے ساتھ پریکٹس کر رہے ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ سعید اجمل کی کوشش ہو گی کہ جس طرح ثقلین مشتاق نے انھیں بتایا ہے اس طرح وہ اپنے بولنگ ایکشن کو ری ماڈل کریں۔