پاکستان کا ہرشہری کتنے لاکھ کا مقروض ہے؟

پاکستان کا ہر شہری کتنے لاکھ کا مقروض ہے؟

اسلام آباد : پاکستان کا ہر شہری کتنے لاکھ کا مقروض ہے ، اس حوالے سے اعدادو شمار سامنے آگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے رواں مالی سال کا اقتصادی سروے جاری کیا۔

اقتصادی سروے رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملک کا مجموعی قرضہ 67 ہزار 525ارب روپے تک پہنچ گیا ہے ، جس کے بعد ہر شہری 2لاکھ 80 ہزار روپے کا مقروض ہے۔

سروے میں کہا گیا ہے کہ ملک پر بیرونی قرضہ 24093 ارب روپےاور مقامی قرض 43ہزار 432 ارب روپے ہے۔

اقتصادی سروے کے مطابق ملک کا مجموعی قرض جی ڈی پی کا 74.8 فیصد ہےاور بیرونی قرضے جی ڈی پی کا 28.6 فیصد ہیں جبکہ مقامی قرضہ جی ڈی پی کا 46.2 فیصد ہے-

یاد رہے اپریل میں سابق وزیر خزانہ پنجاب ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے ایک تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ اس وقت ہر پاکستانی 2 لاکھ 88 ہزار روپے کا مقروض ہے۔

عائشہ غوث پاشا کا کہنا تھا کہ ہم نے بطور قوم آمدن کم اور اخراجات زیادہ کر لیے ہیں، جب ادائیگی ڈالر میں کرنی ہو تو ڈالر چھاپ نہیں سکتے کمانے ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ پچھلے 12 سال میں ماضی کی نسبت دوگنا قرضہ لیا ہے، آئی ایم ایف کو آئندہ 3 سال میں 60 بلین ڈالر ادا کرنے ہیں، بجٹ خسارے کو پورا کرنے کیلیے قرض لیا جاتا ہے۔