سول اسپتال کے جیل وارڈ سے خطرناک قیدی فرار

سول اسپتال کے جیل وارڈ سے خطرناک قیدی فرار

سول اسپتال سکھر کے جیل وارڈ سے خطرناک قیدی فرار ہوگیا جسے شکارپور پولیس نے مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کیا تھا۔

سول اسپتال سکھر کے جیل وارڈ میں زیرِ علاج 10 سے زائد مقدمات میں ملوث قیدی خیر محمد عرف خیرو تیغانی فرار ہوا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ تین مسلح ملزمان نماز جمعہ کے وقت قیدی سے ملاقات کرنے کیلیے وارڈ پہنچے اور ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکار صادق سانگی کو نشانہ بنانے کے بعد قیدی کو اپنے ساتھ لے گئے۔

واقعے کی اطلاع کے بعد سی سیکشن تھانے کی پولیس نے جیل وارڈ پہنچ کر زخمی پولیس اہلکار سے تفصیلات حاصل کیں۔

پولیس کے مطابق خیر محمد عرف خیرو تیغانی کو شکارپور پولیس نے گزشتہ ماھ پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کیا تھا۔ زخمی حالت میں گرفتار ملزم کو جیل کسڈی کرتے ہوئے سینٹرل جیل سکھر سے علاج کیلیے سول اسپتال سکھر کے جیل وارڈ منتقل کیا تھا۔

خیرو تیغانی گزشتہ 15 روز سے سول اسپتال کے جیل وارڈ میں زیرِ علاج تھا اور اس کا تعلق شکارپور کے بدنام تیغانی ڈاکوؤں کے گینگ سے ہے۔

رواں سال فروری میں خیرپور سے کراچی جانے والی قیدیوں کی گاڑی سے خطرناک قیدی فرار ہوگیا تھا جس کے بعد پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے قیدی کی تلاش شروع کی تھی۔