حکومت ٹمبر مارکیٹ متاثرین کو فوری معاوضہ ادا کرے، الطاف حسین

لندن :ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے وزیرِاعلیٰ سندھ اور صوبائی وزراء سے مطالبہ کیا ہے کہ اگر وہ آتشزدگی سے جلنے والی ٹمبرمارکیٹ کا دورہ کرنے سے قاصر ہیں توکم ازکم متاثرہ مکینوں اورتاجروں کےنقصانات کا جائزہ لیکر انہیں فوری معاوضہ ادا کریں۔

قائد الطاف حسین کا پرانا حاجی کیمپ میں ایم کیو ایم کے امدادی کیمپ میں حق پرست ارکان اسمبلی، ذمہ داران، کارکنان اور متاثرین سے ٹیلی فونک خطاب میں کہنا تھا کہ ٹمبرمارکیٹ میں لگنےوالی آگ سے صرف تاجروں کے کارخانوں اور دکانوں کو ہی نقصان نہیں پہنچا بلکہ اردگرد کے سینکڑوں گھربھی شدید متاثر ہوئے، ابھی تک وزیرِاعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اور کسی وزراء نے جائےحادثے کا دورہ نہیں کیا۔

الطاف حسین نے کہا کہ ٹمبر مارکیٹ میں اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے، متاثرین کی دلجوئی کرنا اور انکی بھرپورمدد کرنا حکومت کا فرض ہے، حکومت سندھ اپنا فرض پورا کرے۔

انہوں نےکہا کہ وزیرِاعلی سید قائم علی شاہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ مصیبت زدہ عوام سے اظہار ہمدردی کریں اور انکی مدد کریں، الطاف حسین نے متاثرین کو یقین دلایا کہ وہ انکے حق کے لئے ہر سطح پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔