محمد حفیظ کو بھارت کا ویزہ مل گیا

لاہور: پابندی کا شکار آف اسپنر محمد حفیظ کو بھارت کا ویزہ مل گیا۔ بولنگ ایکشن کی جانچ کے لئے آج رات چنائی جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف ابوظہبی ٹیسٹ میں حفیظ کا ایکشن رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد آف اسپنر پر بین الاقوامی میچز میں بولنگ کرنے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

سعید اجمل کے بعد حفیظ پر پابندی پاکستان کرکٹ ٹیم کے لئے دوسرا بڑا دھچکا ثابت ہوا۔ اس پابندی کے بعد حفیظ صرف بیٹسمین بن کر رہ گئے ہیں ۔ وہ انٹرنیشنل میچز میں بولنگ کرسکیں گے یا نہیں؟بدھ کو چنائی میں ہونے والے غیر سرکاری ٹیسٹ میں معلوم ہوجائے گا۔

حفیظ کو بھارت کا ویزہ مل گیا ہے اور وہ بولنگ ایکشن کی جانچ کے لئے آج چنائی جائیں گے۔ پی سی بی کے ڈاکٹر سہیل سلیم بھی حفیظ کے ہمراہ ہوں گے، ادھر پابندی کے شکار سعید اجمل نے بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ نہ دینے اور ورلڈ کپ سے باہر ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔