حیدرآباد میں گزشتہ دنوں تشدد کر کے شدید زخمی کیا جانے والا گدھا کراچی کے شیلٹر ہوم میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق حیدرآباد میں گزشتہ دنوں باہمی جھگڑے کے دوران درندگی کی انتہا کرتے ہوئے ایک شخص نے دوسرے شخص کے گدھے کی ٹانگیں توڑ دی تھیں جس کو سخت مضروب حالت میں کراچی کے شیلٹر ہوم لایا گیا تھا۔
گدھے کی حالت کئی روز سے تشویشناک تھی جو آج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا۔ شیلٹر ہوم سی ڈی آر ایس بینجی نے گدھے کا نام ڈوبی تجویز کیا تھا اور آج شیلٹر ہوم کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کی گئی ہے جس میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر گدھے کے دم توڑنے کی تصدیق کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل تشدد کی وجہ سے گدھے کی دونوں ٹانگیں ٹوٹ گئی تھیں، واقعے میں ملوث ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ عیدالاضحیٰ سے چند روز قبل سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد کے علاقے سیری گاؤں میں پیش آیا تھا جہاں گدھا گاڑی چلانے والے نے راستے میں جھگڑے پر دوسرے گدھا گاڑی والے کے گدھے کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے اس کی ٹانگیں توڑ دی تھیں۔
مرنے والے گدھے پر تشدد والے واقعے کے ملزم میر رند کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں سے اسے جیل بھیج دیا گیا تھا جب کہ گدھے کو علاج کے لیے سی ڈی آڑ ایس بینجی شیلٹر ہوم منتقل کیا گیا تھا۔
اس سے دو روز قبل ہی سانگھڑ میں کھیت میں گھسنے پر ایک با اثر شخص کی جانب سے اونٹنی کی ٹانگ کاٹے جانے کا واقعہ بھی پیش آیا تھا۔ تاہم پولیس نے بااثر شخص کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بجائے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کر لیا تھا۔
بے زبان جانوروں پر تشدد کا اسی سے ملتا جلتا تیسرا واقعہ راولپنڈی کے تھانہ روات کی حدود میں پیش آیا جہاں گندم کی کٹائی کے بعد پانی پینے کے لیے آزاد چھوڑی گئی گدھی کے علاقے کی بااثر شخصیت نے کان کاٹ دیے تھے۔