کراچی :ایم کیو ایم نے کارکن سکندر کے ماورائے عدالت قتل پر سرکاری اہلکاروں کی گرفتاری کا مطالبہ کردیا ہے۔
ایم کیو ایم کے کارکن سکندر کو ائیرپورٹ سے اغواء کے بعد تشدد کرکے قتل کرنے کی رابطہ کمیٹی نے شدید مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ سادہ لباس میں ملبوس ڈبل کیبن میں سوار اہلکاروں نے گذشتہ رات دس بجے سکندر کو اغواء کیا۔
رہنمائوں کا کہنا تھا کہ اب تک بیس کارکنان رینجرز اور سادہ لباس اہلکاروں کی کارروائیوں میں لاپتہ کر دیئے گئے ہیں، قمر منصور کا کہنا ہے کہ سکندر کے بہیمانہ قتل کی انکوائری چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ سے کرائی جائے۔
ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی کے لگائے جانے والے من پسند افسران سیاسی جماعت کے کارکنوں کو گرفتار کرکے ملزم ثابت کرتے ہیں، چیف جسٹس سپریم کورٹ اور سندھ ہائیکورٹ اسکا سختی سے نوٹس لیں۔
رابطہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ سکندر کو پاسپورٹ آفس کے ڈائریکٹر کی جانب سے بھی دھمکیاں دی جا رہی تھی، قتل کی انکوائری میں اسے بھی شامل تفتیش کیا جائے۔