کے ٹو مہم جوئی میں شریک پاکستانی خواتین کوہ پیماؤں کی طبیعت بگڑ گئی

کے ٹو مہم جوئی میں شریک پاکستانی خواتین کوہ پیماؤں کی طبیعت بگڑ گئی

اسکردو: گلگت بلتستان کے ضلع شگر میں مہم جوئی کے دوران معروف پاکستانی خواتین کوہ پیماؤں کی صحت خراب ہو گئی۔

ڈپٹی کمشنر شگر ولی اللہ فلاحی نے اپنے بیان میں بتایا کہ کوہ پیماء ثمینہ بیگ اور آمنہ شگری کے ٹو مہم جوئی کے دوران بیمار ہوگئیں، شدید برفباری، سردی اور مسلسل موسم خرابی سے خواتین کی صحت متاثر ہوئی۔

ولی اللہ فلاحی نے بتایا کہ خواتین کوہ پیما اس وقت بیس کیمپ میں موجود ہیں تاہم ثمینہ بیگ اور آمنہ شگری کو بیس کیمپ سے واپس لانے کا فیصلہ کیا ہے، واپسی کیلیے گاڑیوں کی روانگی کیلیے این او سی جاری کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بیمار خواتین کوہ پیماؤں کو بیس کیمپ سے واپسی کے انتظامات مکمل کر لیے گئے، بیس کیمپ سے ماہر ریسکیو ٹیم خواتین کوہ پیماؤں کو نیچے لے آئے گی۔

ڈپٹی کمشنر شگر کے مطابق بیس کیمپ سے واپسی کے بعد دونوں خواتین کوہ پیماؤں کو شگر پہنچایا جائے گا، ثمینہ بیگ اور آمنہ شگری کی مہم جوئی منسوخ کر دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کے ٹو پر مہم جوئی کیلیے یہ خواتین 21 جون کو روانہ ہوئی تھیں، ثمینہ بیگ پاکستانی خواتین کوہ پیماؤں کی سربراہی کر رہی تھیں، خواتین کوہ پیماؤں کی ٹیم میں 4 پاکستانی اور 4 اطالوی خواتین شامل ہیں۔