پشاور : محرم الحرام کی 9 اور 10 کو موبائل سگنلز بند کرنے کے حوالے فیصلہ کرلیا گیا اور اس حوالے سے وزارت داخلہ کو خط ارسال کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق محرم الحرام کی 9 اور 10 کو خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع علاقوں میں موبائل فون سروس معطل رکھنے کے حوالے سے فیصلہ کرلیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ کو خط ارسال کیا گیا ہے جس میں 9 اور 10 محرم کو موبائل سگنلز بند کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
اہلکار کا مزید کہنا تھا کہ محرم کے دوران صوبے بھر میں فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔
اس سے قبل وفاقی حکومت نے محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ملک بھر میں مسلح افواج کی تعیناتی کی منظوری دی تھی۔
یہ اقدام سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں حکام کی جانب سے امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے فوج کو تعینات کرنے کی درخواست پر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں یوم عاشور 17 جولائی (بدھ) کو منایا جائے گا، صوبائی حکومت نے محرم کے 10 دنوں کے دوران سندھ میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی ہے۔
عاشورہ اسلامی سال کے پہلے مہینے محرم کی 10ویں تاریخ کو منایا جاتا ہے، جو کربلا کی جنگ میں امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے ساتھیوں کی عظیم شہادت کی علامت ہے۔