کہنے کو بہت کچھ ہے لیکن۔۔۔۔۔وہاب ریاض بول پڑے

وہاب ریاض

لاہور: قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی اور منیجر کے عہدوں سے ہٹائے جانے کے بعد وہاب ریاض کا ردعمل آگیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر وہاب ریاض نے لکھا کہ کہنے کو بہت کچھ ہے لیکن بلیم گیم کا حصہ نہیں بننا چاہتا، پی سی بی کے ساتھ بطور سلیکشن کمیٹی ممبر میرا سفر ختم ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پوری ایمانداری سے اس کھیل کی خدمت کی جس سے محبت کرتا ہوں۔

وہاب ریاض نے کہا کہ ’7 رکنی سلیکشن کمیٹی کے ساتھ کام کرکے بہت اچھا لگا، اس کمیٹی میں تمام ارکان کے ووٹ کی یکساں حیثیت تھی۔

سابق رکن سلیکشن کمیٹی نے کہا کہ تمام ممبران نے ایک ٹیم کی حیثیت سے سلیکشن کی جس کا حصہ رہنا میرے لیے فخر کی بات ہے۔

واضح رہے کہ پی سی بی نے وہاب ریاض اور عبدالرزاق کے سلیکشن کمیٹیوں سے الگ کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ دونوں کی مین اور ویمن سلیکشن کمیٹی میں خدمات درکار نہیں ہیں۔

پی سی بی اعلامیے کے مطابق سلیکشن کمیٹی کے حوالے سے مزید اپ ڈیٹس بعد میں فراہم کی جائیں گی۔

تاہم ذرائع کا کہنا تھا کہ سلیکشن کمیٹی کے رکن نے وہاب ریاض کو عہدے سے ہٹانے سے قبل فون کرکے کہا تھا کہ شکست کی ذمہ داری قبول کرلو سب بچ جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ وہاب ریاض کے انکار پر انہیں سلیکشن کمیٹی اور سینئر منیجر کے عہدوں سے ہٹایا گیا۔