لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ طلبا کو 100 فیصد ای بائیکس میرٹ پر دی گئی ہیں، 27 ہزار بائیکس میں سے ایک بھی کسی سفارش پر نہیں دی گئی۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ وعدہ کیا تھا 10 جولائی کو میں بائیکس کی ڈسٹری بیوشن کروں گی، موٹرسائیکل کی ڈاؤن پے منٹ 40 ہزار روپے ہے، 20 ہزار روپے حکومت پنجاب ادا کرے گی اور بقیہ 20 ہزار طلبا کو ادا کرنے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ دسمبر میں 27 ای بسز پاکستان آجائیں گی، اب پاکستان میں ہر شہری کو باعزت سواری ملے گی، ہم بائیکس کے ساتھ ہیلمٹ بھی دے رہے ہیں، موٹربائیکس کی بہت ڈیمانڈ تھی اسٹوڈنٹس لکھ رہے ہیں کہ تعداد مزید بڑھائیں، آج صرف آغاز ہے فیز ٹو میں تعداز مزید بڑھائیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ بچیوں کی طرف سے بھی ای بائیکس کی 8 ہزار درخواستیں آئیں، اپنی بیٹیوں سے کہوں گی بائیک چلانا سیکھیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تمام بچوں کا پورا فوکس تعلیم پر ہونا چاہیے، پنجاب کے اسٹوڈنٹس کو بتانا چاہتی ہوں بائیک اکلوتا منصوبہ نہیں، بہت جلد لیپ ٹاپ اسکیم بھی لے کر آرہے ہیں، لیپ ٹاپ کا ماڈل دو دن پہلے منظور کیا ہے، چاہوں گی پنجاب کے تمام ڈسٹرکٹ کے کالج، اسکول میں لیپ ٹاپ ملیں۔
انہوں نے کہا کہ بہت سے بچے کہتے ہیں پڑھنا چاہتے ہیں لیکن والدین افورڈ نہیں کرسکتے، ایسے بچوں کے لیے 25 ارب روپے کی اسکالر شپ لے کر آئی ہوں، آپ کی تعلیم میری ذمہ داری ہے میں اسے پورا کروں گی۔