باوردی پولیس افسر نشئی شخص کیلیے گندے نالے میں کود گیا

باوردی پولیس افسر نشئی شخص کیلیے گندے نالے میں کود گیا

بھارت کی ریاست اتر پردیش کے شہر گریٹر نوئیڈا میں ایک باوردی پولیس افسر نشئی شخص کیلیے گہرے اور گندے نالے میں کود گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھگت سنگھ روڈ کے قریب گہرے اور گندے نالے میں شہریوں نے ایک نشئی شخص کو ڈوبتے دیکھا تو فوری طور پر پنچشیل چوکی کے انچارج کو مطلع کیا۔

چوکی میں موجود پولیس سب انسپکٹر سوہن ویر سنگھ نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر نالے میں چھلانگ لگا دی اور نشئی شخص کو ریسکیو کیا۔

مقامی افراد کے مطابق نشئی شخص نے خودکشی کرنے کے غرض سے نالے میں چھلانگ لگائی تھی۔ شہریوں کی جانب سے پولیس افسر کی ہمت اور فرض شناسی کو کافی سراہا جا رہا ہے۔

پولیس کمشنر گوتم بدھ نگر لکشمی سنگھ نے سب انسپکٹر سوہن ویر سنگھ کو 25 ہزار روپے بطور انعام دیے اور ان کی تعریف کی۔

نشئی شخص کی جان بچانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی گردش کر رہی ہے جہاں صارفین پولیس افسر کی تعریف میں تبصرے لکھ رہے ہیں۔