نئی دہلی: بھارت میں بیٹے کے خواہشمند باپ نے نومولود جڑواں بیٹیوں کو قتل کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست ہریانہ کے شہر رہوتک میں 32 سالہ شخص نے مبینہ طور پر اپنی تین دن کی جڑواں بیٹیوں کو قتل کردیا اور انہیں گھر کے قریب عارضی قبرستان میں دفن کردیا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم نیرج سولنکی کو روہتک شہر سے گرفتار کرلیا۔
ڈی سی پی امیت گوئل کے مطابق نوزائیدہ بچیوں کی لاشیں پوتھ کلاں گاؤں کے قریب عارضی قبرستان کے احاطے سے برآمد کی گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ دہلی یونیورسٹی سے گریجویٹ ملزم نے تین جون کو اپنی بیٹیوں کو قتل کیا تھا۔
گوئل نے کہا کہ عدالت سے اجازت ملنے کے بعد لاشوں کو پانچ جون کو نکالا گیا اور پوست مارٹم کے لیے ایس جی ایم اسپتال کے مردہ خانے میں رکھا گیا۔
ڈی سی پی نے کہا کہ سولنکی نے مبینہ طور پر اپنی تین دن کی بیٹیوں کو مار ڈالا کیونکہ اسے بیٹے کی خواہش تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سولنکی اپنی بیوی سے جھوٹ بول کر شیرخوار بچیوں کو دہلی لایا تھا اور بتایا کہ وہ بیماری کی وجہ سے مر گئی ہیں۔
امیت گوئل کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر سولنکی کے والد کو حراست میں لیا گیا تھا کیونکہ ملزم فرار تھا، والد نے بتایا کہ ملزم بیٹیوں کی پیدائش پر پریشان تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شیر خوار بچوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ماں کے حوالے کردی گئیں جبکہ ملزم کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔