کرکٹ اور سیاست کو الگ رکھنا چاہیے، وسیم اکرم

سابق قومی کپتان اور لیجنڈری فاسٹ بولر نے چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کی شرکت کے حوالے سے کہا ہے کہ کرکٹ اور سیاست کو الگ رکھنا چاہیے۔

سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں کہا کہ کرکٹ اور سیاست کو الگ رکھنا چاہیے اور امید ہے کہ بھارتی ٹیم آئندہ سال چیمپئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اسٹیڈیمز کی تزئین وآرائش کے کام کا آغاز کرا دیا ہے اور ایونٹ میں شریک تمام ٹیموں کو عالمی معیار کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایونٹ ضرور شاندار ہوگا اور پاکستان آنے والی تمام ٹیموں کا زبردست استقبال کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان آئندہ سال فروری مارچ میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا میزبان اور دفاعی چیمپئن ہے۔

ٹورنامنٹ میں پاکستان سمیت 8 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ بھارت کے علاوہ تمام ٹیموں نے شرکت کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

تاہم گزشتہ روز بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ بلیو شرٹس چیمپئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان نہیں جائے گی بلکہ یہ بھی ایشیا کپ کی طرح ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلی جائے گی۔

بتایا جا رہا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی میں اپنے میچز کے وینیوز تبدیل کرنے کے لیے آئی سی سی کو درخواست دے دی ہے اور وہ اپنے میچز یو اے ای یا سری لنکا میں کھیلنے کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل پر دباؤ بڑھا رہا ہے۔

دوسری جانب پی سی بی نے واضح کر دیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کا کوئی متبادل وینیو نہیں ہوگا تمام میچز پاکستان میں کھیلیں جائیں گے۔

پی سی بی چیمپئنز ٹرافی کا ابتدائی شیڈول بھی آئی سی سی کو بھیج چکا ہے جس میں بھارت کے تمام میچز لاہور میں رکھے گئے ہیں۔ اس شیڈول کے مطابق پاک بھارت ٹاکرا یکم مارچ کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جانا ہے۔

https://urdu.arynews.tv/bangladesh-announce-squads-for-series-against-pakistan-shaheens/