کراچی: حکومت سندھ نے صوبے بھر میں محکمہ ٹرانسپورٹ کی زمینیں اور عمارتیں ایک ماہ کے اندر خالی کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی بورڈ کا 12 واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں سندھ بھر میں محکمہ ٹرانسپورٹ کی عمارتیں اور زمینیں ایک ماہ کے اندر خالی کرانے کی منظوری دی گئی۔
بورڈ اجلاس میں ڈویژنل سطح پر ایس ایم ٹی اے کے دفاتر کے قیام کی بھی منظوری دے دی گئی، جب کہ کنٹریکٹ پر مقرر ملازمین کے کنٹریکٹس میں توسیع کی منظوری ایچ آر کمیٹی سے مشروط کر دی گئی۔
بورڈ اجلاس میں یلو لائن بی آر ٹی کے لاٹ ون اور لاٹ ٹو کے کنٹریکٹس کے اجرا کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، شرجیل میمن نے کہا حکومت سندھ ٹرانسپورٹ کے تمام پروجیکٹس کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانا چاہتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ نگراں دور حکومت میں بی آر ٹی منصوبوں پر کام روک دیا گیا تھا، جس کی وجہ سے منصوبوں میں تاخیر ہوئی۔