سوات کے علاقے کبل دیلوئی میں ماں اور تین بیٹیوں کو شوہر نے قتل کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سوات کے علاقے کبل سے ماں اور تین بیٹیوں کی تین سے چار دن پرانی لاشیں برآمد ہوئیں، شوہر نے سعودی عرب سے پولیس کو فون کرکے قتل کا اعتراف کرلیا۔
پولیس کا بتانا ہے کہ گھر سے تعفن اٹھنے پر پڑوسیوں نے آگاہ کیا تھا جب گھر کا تالا توڑ کر اندر داخل ہوئے تو ماں اور تین بیٹیوں کو مردہ پایا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ حسن پری کا شوہر سردار علی چند دن پہلے سعودی عرب سے آیا تھا اور واردات کے بعد واپس فرار ہوگیا۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے پولیس کو فون کرکے جرم کا اعتراف کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب کے شہر نارروال میں ماموں نے اپنے شوہر سے ناراض ہو کر گھر واپس آنے والی بھانجی کو قتل کر دیا تھا۔
پولیس نے بتایا تھا کہ گاؤں پنڈی دیونیاں میں ماموں نے 20 سالہ علیزہ کو سر میں گولی مار کر قتل کیا، علیزہ کی شادی ملزم وارث کی دوسری بہن کے بیٹے سے ہوئی تھی، وارث بھانجی کو منانے کیلیے سرگودھا سے ظفروال آیا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ منانے میں ناکامی پر وارث نے بھانجی کے سر میں گولی مار دی، قاتل فائرنگ کے بعد فرار ہو رہا تھا کہ اہل علاقہ نے پکڑ لیا۔