ڈونلڈ ٹرمپ قاتلانہ حملے میں زخمی ہوئے جس کے بعد ان کی انتخابی مہم کے اعلیٰ عہدیدار نے اس حوالے سے اہم بیان دیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے اعلیٰ عہدیدار نے پنسلوینیا میں انتخابی ریلی میں قاتلانہ حملے کا الزام صدارتی الیکشن میں ٹرمپ سے سخت حریف موجودہ امریکی صدر جو بائیڈن اور بائیں بازو کے ایکٹوسٹس پر عائد کیا ہے۔
اس حملے کے بعد ٹرمپ کی انتخابی مہم کے اعلیٰ عہدیدار کرس لا سیویٹا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ برسوں تک بائیں بازو کے ایکٹوسٹ اور بائیڈن نے ٹرمپ کیخلاف نفرت انگیز تبصرے کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیلٹ باکس کے ذریعے بائیڈن اور دیگر کو جواب دہ ٹھہرانے کا وقت آن پہنچا ہے۔
دوسری جانب ریپبلیکن کی جانب سے نائب صدارت کے امیدوار سینیٹر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ پنسلوینا حملہ بائیڈن کی ٹرمپ مخالف بیان بازی کا نتیجہ ہے۔
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جو پنسلوانیا میں انتخابی مہم کے سلسلے میں ریلی کے دوران قاتلانہ حملے میں زخمی ہوگئے تھے انہیں اسپتال سے طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا ہے۔
قاتلانہ حملے میں ڈونلڈ ٹرمپ محفوظ رہے تاہم گولی ان کے دائیں کان کو چھو کر گزر گئی۔
اس واقعے میں ایک شخص ہلاک اور دو افراد زخمی ہوئے تھے جب کہ امریکی میڈیا کے مطابق حملہ آور کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
ٹرمپ پر حملے کے بعد صدر بائیڈن نے ان سے ٹیلیفون پر رابطہ کر کے خیریت بھی دریافت کی اور اپنی انتخابی مہم بھی روکنے کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں جو بائیڈن اور ڈونلڈ ٹرمپ ایک دوسرے کے سخت حریف ہیں اور اپنی اپنی انتخابی مہم کے دوران ایک دوسرے کے خلاف سنگین الزام تراشی کرتے رہتے ہیں۔
https://urdu.arynews.tv/trump-rally-shooting-witness/