بھارت کی ریاست اتر پردیش کے شہر میرٹھ میں لوگوں نے بچہ چوری کرنے اور جعلی سادھو ہونے کے شبے میں تین سادھوؤں کی پٹائی کر دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سادھوؤں کی پٹائی کا واقعہ تھانا لساڑی گیٹ علاقے میں پیش آیا جہاں علاقے کے چند لوگوں نے انہیں بچہ چوری کرنے اور جعلی سادھو ہونے کے شبے میں کئی گھنٹوں تک یرغمال بنائے رکھا۔
علامہ مکینوں نے سادھوؤں سے کئی سوالات کیے اور جب انہوں نے مطالبے کے باوجود ہنومان چالیسا اور گئو رانہ نہیں سنایا تو ان کی ڈنڈوں سے پٹائی کی گئی۔
معاملہ اُس وقت نیا رُخ اختیار کر گیا جب پولیس تحقیقات میں سادھو اصلی پائے گئے جن کا تعلق ہریانہ سے ہے۔ پولیس نے تصدیق کے بعد تینوں کو چھوڑ دیا۔
پولیس نے سوشل میڈیا پر وائرل پٹائی کرنے کی ویڈیو کے ذریعے اس میں ملوث ملزمان کی نشاندہی کی اور اس سلسلے میں تین افراد کو گرفتار کیا جن سے تفتیش جاری ہے۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ سادھو بچہ چوری کرنے کی کوشش کر رہے تھے تاہم اب تک اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی۔