ایک گیند پر 13 رنز، انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ کا نا قابل یقین ریکارڈ بن گیا

بھارت اور زمبابوے کے میچ میں ایک بال پر 13 رنز بن گئے یوں انٹرنیشنل کرکٹ کی 150 سالہ تاریخ میں منفرد اور ناقابل یقین ریکارڈ بن گیا۔

بھارت جس نے زمبابوے کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز جیت لی۔ ہرارے میں کھیلے گئے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں انٹرنیشنل کرکٹ کا منفرد اور تاریخی ریکارڈ بن گیا۔

اس میچ میں زمبابوے نے پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور سکندر رضا پہلا اوور کرانے آئے۔ وہ جب بولنگ نشان کی جانب دوڑ رہے تھے تو ان کے وہم وگمان میں بھی نہ ہوگا کہ وہ کرکٹ کی تاریخ کا منفی ریکارڈ اپنے نام کرانے جا رہے ہیں۔

سکندر رضا نے پہلی گیند بھارتی اوپنر یاشاسوی جیسوال کو کرائی جو اونچی فل ٹاس بال تھی جس کو بیٹر نے ڈیپ اسکوائر لیگ پر فضا میں اچھال کر چھکا لگا دیا۔

امپائر نے اس کو نو بال قرار دیا یوں بغیر کسی گیند کے بھارت کو 7 رنز بن گئے اور ساتھ ہی فری ہٹ بھی مل گئی۔

زمبابوین فاسٹ بولر کی اگلی بال کا جیسوال نے فری ہٹ ہونے کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے لگاتار دوسرا چھکا جڑ دیا۔

اس طرح بھارت کو میچ کی پہلی گیند پر 13 رنز مل گئے اور ساتھ ہی جیسوال کرکٹ کی تاریخ میں ایک گیند پر 12 رنز بنانے والے پہلے بیٹر بھی بن گئے۔