بھارتی ٹیلی ویژن کی اداکارہ حنا خان نے والدہ کے ساتھ اپنی اس دن کی تصویر شیئر کی ہے جس روز انہیں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔
فوٹو اینڈ شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ حنا خان نے چند تصاویر شیئر کی ہیں جن میں اداکارہ کے ہمراہ اُن کی والدہ بھی موجود ہیں تصاویر میں حنا خان اپنی والدہ کے ساتھ اپنے گھر کی سڑھیوں پر بیٹھی ہیں اور دونوں ماں بیٹی مایوس اور دُکھی نظر آرہی ہیں۔
View this post on Instagram
تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حنا خان کی والدہ نے اپنی بیٹی کے مشکل ترین وقت میں تسلی دینے اور حوصلہ بڑھانے کے لیے اُنہیں گلے بھی لگایا ہوا ہے۔
اداکارہ نے تصاویر کے ساتھ کیپشن میں لکھا کہ ’ماں کا دل اتنا مضبوط ہوتا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پیار، پناہ اور سکون فراہم کرنے کے لیے ہر دُکھ اور درد کا سمندر پار کرسکتا ہے‘۔
اداکارہ نے بتایا کہ یہ تصاویر اُس مشکل دن کی ہیں جب میری والدہ کو میرے کینسر کی تشخیص کی خبر ملی تھی، میری والدہ کا صدمہ ناقابلِ بیان تھا لیکن اُنہوں نے مجھے گلے سے لگایا تاکہ وہ اپنا درد بُھلا کر مجھے ہمت دے سکیں۔
حنا خان نے مزید لکھا کہ ماؤں کے پاس سُپر پاور ہوتی ہے، میری والدہ کی دُنیا تباہ ہورہی تھی لیکن اس کے باوجود، میری والدہ نے مجھے اپنی بانہوں میں پناہ اور طاقت دی۔
واضح رہے کہ حنا خان نے 28 جون کو اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا تھا کہ وہ چھاتی کے کینسر کا شکار ہوگئی ہیں، حنا خان نہایت ہمت کے ساتھ کینسر کا مقابلہ کرتی نظر آرہی ہیں۔