کسی سیاسی جماعت پر پابندی لگانے کی باتیں فضول ہیں، فرحت اللہ بابر

پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما فرحت اللہ بابر کا کہنا ہے کہ کسی سیاسی جماعت پر پابندی لگانے کی باتیں فضول ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر پی پی کے سینئر رہنما فرحت اللہ بابر نے لکھا کہ کسی سیاسی جماعت پر پابندی لگانے یا کسی سیاسی رہنما پر غداری کا مقدمہ چلانے کی باتیں فضول، ناقابل برداشت اور سیاسی بحران میں اضافے کا باعث ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ پاکستانی جمہوریت خود ساختہ بحران کو برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتی۔

دوسری جانب پی پی رہنما ناصرشاہ نے کہا کہ چیئرمین نے پابندی کی مخالفت کی تھی، میں بھی ذاتی طور پر پابندی کے حق میں نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی کے بغیر پی ٹی آئی کچھ بھی نہیں رہے گی، پی ٹی آئی کو اپنا رویہ بہتر کرنے کی ضرورت ہے، پارٹی نشان کیس پی ٹی آئی نے ٹھیک طرح نہیں لڑا، لطیف کھوسہ نے اگلے دن مقدمہ ہی واپس لے لیا اگر وہ کیس واپس نہ لیتے تو ہوسکتا ہے کوئی ریلیف مل جاتا۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے تحریک انصاف پر پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا تھا کہ 9 مئی کو ملکی دفاع پر حملے کیے گئے، بانی پی ٹی آئی کا خاندان 9 مئی واقعات میں ملوث تھا، بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنیں کور کمانڈر ہاﺅس کے باہر موجود تھیں، قوم کو کہا جا رہا تھا کہ انقلاب برپا ہونے لگا ہے فوری اپنی اپنی لوکیشنز  پر پہنچیں۔

ان کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی نے انتشار اور تشدد کی سیاست کو فروغ دیا، انہوں نے ملک کے دفاعی اداروں کو نقصان پہنچایا، ملک نے اگر ترقی کرنی ہے تو پاکستان اور تحریک انصاف ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔