بدبخت بیٹے نے ماں کو زندہ جلا ڈالا، خوفناک ویڈیو

انسانیت مرجائے تو رشتوں کا احترام باقی نہیں رہتا ایک بدبخت بیٹے نے زمین کے تنازع پر اپنی ماں کو زندہ جلا ڈالا۔

یہ دل دہلا دینے والا سفاکانہ واقعہ بھارت کے شہر علی گڑھ میں پیش آیا جہاں 22 سال کے بیٹے نے زمین کے تنازع پر طیش میں آکر جنم دینے والی اپنی بوڑھی ماں کو آگ لگا کر اذیت ناک موت دے دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ علی گڑھ کے کھیر پولیس اسٹیشن میں پیش آیا اور وہاں لگے سی سی ٹی وی کیمروں میں یہ دل خراش منظر محفوظ ہوگیا جو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگیا۔

واقعہ علی گڑھ کے کھیر پولیس اسٹیشن میں دوپہر دو بجے کے قریب پیش آیا جس کی فوٹیج سی سی ٹی وی کیمروں میں ریکارڈ ہوگئی۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پٹرول میں بھیگی ہوئی خاتون پولیس اسٹیشن میں داخل ہو رہی ہے جبکہ اس کے پیچھے ناہنجار بیٹا ہے جو اپنی ماں کو آگ لگانے کی کوشش کرتا ہے۔

اس دوران ایک پولیس اہلکار لائٹر چھیننے کی کوشش کرتا ہے، تو لائٹر زمین پر گر جاتا ہے جس پر اس کا بیٹا فوراً لائٹر اٹھا کر درندگی کی تمام حدوں کو عبور کرتے ہوئے اپنی ماں کو آگ لگا دیتا ہے۔

پٹرول میں بھیگی ماں یکدم آگ کے شعلوں میں گھر جاتی ہے۔ اچانک آگ بھڑکنے پر لوگ پہلے پیچھے ہٹتے ہیں اور بیٹا بھی گر جاتا ہے لیکن پھر سنگدلی کی انتہا کرتے ہوئے اٹھ کر یہ ناقابل بیان منظر ریکارڈ کرنا شروع کر دیتا ہے۔

اس موقع پر پولیس اہلکار آگ بجھانے کی کوشش کرتے ہیں جس میں وہ کامیاب بھی ہوجاتے ہیں تاہم اس دوران خاتون بہت زیادہ جھلس چکی تھی جس نے اسپتال جا کر دم توڑ دیا۔

پولیس کہنا ہے کہ خاتون کو اس کے بیٹے نے آگ لگائی جس کو گرفتار کر لیا گیا ہے جب کہ آگ بجھانے کے دوران کئی پولیس اہلکار بھی جھلس کر زخمی ہوئی ہیں۔

ایس ایس پی سنجیو سمن کا کہنا ہے کہ 22 سالہ بیٹے کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دونوں کے درمیان زمین کا تنازع چل رہا تھا جس کے حل کے لیے وہ کچھ دیر پہلے تھانے بھی آئے تھے اور تھانے میں ہی ایف آئی آر بھی درج ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فریقین تھانے میں مفاہمت میں ناکام رہے جس کے بعد خاتون اور بیٹا وہاں سے چلے گئے تھے اور جب وہ دوبارہ واپس آئے تو بیٹے نے اس کو آگ لگا دی تھی۔