پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید کا کہنا ہے کہ پارٹی کے نظریے کے مطابق حق، سچ کے لیے جدوجہد جاری رکھوں گی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب سے صنم جاوید اور ان کے اہلخانہ نے ملاقات کی، عمر ایوب نے رہائی پر صنم جاوید کو مبارک باد پیش کی۔
صنم جاوید نے کہا کہ پارٹی نے جو عزت دی اس پر لیڈر شپ کی شکر گزار ہوں، لیڈر شپ مشکل وقت میں ساتھ کھڑی رہی اس پر شکریہ ادا کرتی ہوں۔
عمر ایوب نے کہا کہ پوری تحریک انصاف آپ کی قربانیوں کی معترف ہے، آپ نے مشکل ترین حالات کا بہادری سے مقابلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ آپ کے اہلخانہ نے 14 ماہ تک مشکل وقت برداشت کیا، بہتر مستقبل کے لیے دعا گو ہیں۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے صنم جاوید کی گرفتاری غیرقانونی قرار دے کر رہائی کی درخواست نمٹا دی۔
صنم جاوید کے وکیل نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اٹارنی جنرل نے ملاقات میں یقین دہانی کروائی ہے کہ صنم جاوید کو ملک بھر میں کہیں بھی کسی مقدمے میں گرفتار نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اٹارنی جنرل نے یہ بھی کہا کہ بلوچستان میں درج ایف آئی ار واپس لی جائے گی۔ اٹارنی جنرل نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی بیان دیا کہ اب گرفتاری نہیں ہوگی اور 2 دن میں اسلام آباد اور کوئٹہ میں درج مقدمات واپس لیے جائیں گے۔