گوتم گمبھیر نے ٹی 20 کپتان کیلیے کس کھلاڑی کی حمایت کی؟

گوتم گمبھیر

بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے ٹی 20 کپتان کے لیے سوریا کمار یادیو کی حمایت کردی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کی چیف سلیکٹر اجیت اگرکر کے ساتھ ورچوئل میٹنگ ہوئی جس میں سری لنکا کے خلاف سیریز ٹیم کے انتخاب پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ورچوئل میٹنگ میں اجیت اگرکر کی سلیکشن کمیٹی کے اراکین، گمبھیر اور بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ بھی شامل تھے۔

ہیڈ کوچ گمبھیر نے واضح طور پر بی سی سی آئی کو بتایا کہ وہ سوریا کمار یادیو کو ٹی ٹوئنٹی میں بطور کپتان دیکھنا چاہتے ہیں جبکہ روہت شرما کو ون ڈے اور ٹیسٹ میں ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔

ویرات کوہلی اور جسپریت بمراہ سمیت دیگر سینئر کھلاڑیوں کو اس سیریز میں آرام دیئے جانے کی امید ہے جس کی وجہ سے شریس ایئر اور کے ایل راہول کو ٹیم واپسی کا موقع مل سکتا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت اور سری لنکا کے درمیان محدود اوورز کی سیریز کا آغاز 27 جولائی سے ہوگا، جس میں تین ون ڈے انٹرنیشنل اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلے جائیں گے۔